آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ یکم مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

0
96

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےچیمپیئنز ٹرافی کا شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جمع کرا دیا ہے جس کی بھارت کے علاوہ تمام شریک ممالک نے منظوری دے دی ہے۔ پی سی بی نے 15 میچوں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ڈرافٹ جمع کرا دیا ہے۔

آئی سی سی بورڈ کے ایک رکن نے بتایا کہ سات میچ لاہور میں، تین کراچی میں اور پانچ راولپنڈی میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ بھارت کو اپنے تمام میچز لاہور میں کھیلنے ہیں۔مجوزہ شیڈول کے مطابق میزبان پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ 19 فروری سے شروع ہونے کی تجویز ہے۔ فائنل میچ 9 مارچ کو ہونا ہے اور فائنل کے لئے کسی بھی غیر متوقع صورتحال کی صورت میں 10 مارچ کو ریزرو ڈے کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آٹھ سال کے وقفے کے بعد اپنے نویں ایڈیشن میں واپسی کرے گی۔ آخری ایڈیشن 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اپنا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here