ملتان کے حلقہ این اے 148 میں اس وقت ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے جس میں مرکزی مقابلہ پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل پی ٹی آئی اتحاد کے درمیان ہے۔
یہ نشست پیپلز پارٹی کے حال ہی میں منتخب ہونے والے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں گیلانی نے صرف 293 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ بیرسٹر تیمور ملک کے درمیان اہم مقابلہ متوقع ہے۔
مسلم لیگ ن نے وفاقی اور صوبائی سطح پر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے ضمنی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔
پولنگ آج صبح 8 بجے سے 275 پولنگ اسٹیشنز پر سخت حفاظتی انتظامات میں شروع ہوئی اور شام 5 بجے اختتام پذیر ہوگی۔
خواتین کے لیے کل 72 پولنگ اسٹیشنز ہیں اور مردوں کے لیے مزید 72 پولنگ اسٹیشنز ہیں جبکہ 121 مشترکہ ہیں۔ کل آٹھ امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
ہفتہ کو انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد ضمنی انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے ضمنی انتخاب کے لیے پلان تیار کر لیا تھا اور تمام 275 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی مواد روانہ کر دیا گیا تھا۔
ملتان کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) رضوان قدیر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت کے مطابق شفافیت اور پرامن ماحول پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان میں کسی بھی خلل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) محمد سہیل چوہدری کے دفتر کے مطابق 275 پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کے لیے 3,829 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
ایک بیان میں، ای سی پی نے کہا تھا کہ میڈیا آؤٹ لیٹس کو پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد انتخابی نتائج نشر کرنے کی اجازت ہوگی، یہ واضح کرتے ہوئے کہ یہ نتائج غیر سرکاری ہوں گے اور ان میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔