پشاور: پشاور میں جائیداد کے تنازع پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھر کے اندر فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے ایک گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کر دیا جن میں 4 بچے اور اتنی ہی خواتین شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاندانی حریفوں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جو بعد میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن صاحبزادہ سجاد نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سرکل کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش میں پیشرفت ہوگی۔ ایسا لگتا ہے کہ پشاور میں مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع کی وجہ سے اجتماعی قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ واقعے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔