وفاقی حکومت 16 مئی سے پیٹرول کی قیمت اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی پر غور کر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ہے۔ ڈان نیوز کے ذرائع کے مطابق حکومت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر غور کر رہی ہے۔
31 مئی تک آنے والے دو ہفتوں کے لیے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 11 سے 13 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے سے لے کر 9.50 روپے فی لیٹر تک کی کمی ہو سکتی ہے۔
اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) 15 مئی کو سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی۔
یہ مجوزہ ایڈجسٹمنٹ موجودہ مہینے میں لگاتار دوسری ریلیف کی نشاندہی کرے گی۔ 30 اپریل کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5.45 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8.42 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔ اس نظرثانی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 288.49 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 281.96 روپے فی لیٹر ہوگئی۔
اس سے قبل 16 اپریل کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4.53 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.14 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ عیدالفطر سے قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا۔